مارکیٹس کی موجودہ صورتحال میں ٹریڈ کیسے کریں۔۔

ایجوکیشنل آرٹیکل  (تحریر: روبینہ کوثر) انٹرنیشنل مارکیٹس، چاہے وہ فاریکس ہو، کماڈٹی مارکیٹ ہو، کرپٹو ٹریڈنگ یا پھر اسٹاکس، موجودہ معاشی حالات میں جب خوفناک معاشی بحران عالمی معیشت کے دروازے پر دستک دے رہا ہے تو ٹریڈنگ سکرین کے سامنے بیٹھتے ہوئے ایک ہی خیال زہن میں آتا ہے کہ کیا کریں ؟ آگے بڑھ کر ٹریڈنگ کریں یا پھر سائیڈلائن ہو جائیں۔ مارکیٹ میں کام کرتے ہوئے مندرجہ زیل پوائنٹس کا خیال رکھیں۔

(1) ایک بات اچھی طرح زہن نشین کر لیں کہ چاہے آپ تجربہ کار ٹریڈر ہیں یا پھر ابھی ابھی ٹریڈنگ کےسمندر میں اتر کر غوطہ لگانے سے پہلے پانی کی گہرائی جانچ رہے ہیں۔ اگر آپ بغیر کسی پلاننگ اور تکنیکی تجزیئے کے ٹریڈ سکرین پر کلک کریں گے تو شائد ایک آدھ بار کچھ پیسہ کما کر کامیاب ہو بھی جائیں ۔ لیکن اگر آپ ٹریڈنگ کو بطور کیریئر اپنا رہے ہیں تو چند ہی دن میں معاشی لحاظ سے فارغ ہو کر ملازمت تلاش کر رہے ہوں گے۔ اس لئے کوئی بھی آرڈر لگانے سے پہلے ٹیکنیکل تجزیوں کے چارٹس کو اچھی طرح سمجھیں اور جب تک اچھی طرح سمجھ نہ جائیں بالکل ٹریڈ نہ کریں بلکہ چارٹس اور کینڈلز کو سمجھنے کی کوشش کرتے رہیں اور ساتھ ہی ساتھ حقیقی ٹریڈنگ کی بجائے فرضی یا ڈیمو اکاونٹ بنا کر اپنی پسندیدہ پروڈکٹس میں اچھی مشق کریں۔

(2) پہلے ہی اسٹیپ میں بڑا رسک مت لیں۔۔ ٹریڈنگ سکرین کو سمجھنے کے بعد شروع میں چھوٹے چھوٹے آرڈرز لگائیں اور وہ بھی ان پروڈکٹس کے جن کی آپ خوب پریکٹس ڈیمو اکاونٹس پر کر چکے ہیں ۔۔۔ یاد رکھیں ابتداء میں ہی بڑا رسک لے کر اپنا پورٹ فولیو صاف کرنے سے بہتر ہے کہ آپ چھوٹے آرڈرز کے ساتھ آغاز کریں اور ٹریڈنگ سکرین پر اعتماد حاصل کریں.

(3) بین الاقوامی خبروں اور بالخصوص معاشی حالات و واقعات پر نظر رکھیں۔۔ چاہے کوئی بھی مارکیٹ ہو وہ جڑی ملکی و بین الاقوامی سیاسی و معاشی منظر نامے کے ساتھ ہی ہوتی ہے۔ اس لئے ٹریڈ کرنے سے پہلے اس دن کی معاشی اور سیاسی خبروں کی آگاہی اچھی طرح حاصل کر لیں۔ ایسا نہ ہو کہ جس ایکوئٹی یا کرنسی میں آپ کام کرنے جا رہے ہیں اس سے متعلق کوئی اہم خبر اس دن موجود ہو اور آپ انجانے میں ہی اپنا نقصان کر لیں اس لئے زاتی زندگی میں چاہے آپ سیاسی، معاشی اور کاروباری خبروں سے احتراز ہی برتتے ہوں ۔ پیشہ وارانہ کامیابی کے لئے اپنی متعلقی مارکیٹ کے دائرہ کار میں آنے والے حالات و واقعات سے آگاہ رہیں۔ اپنی ٹارگٹ مارکیٹ کے مطابق خبروں کا انتخاب کریں ۔ مثال کے طور پر اگر آپ پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کرنے جا رہے ہیں تو پاکستان سے متعلقہ خبریں آپکی متعلقہ مارکیٹ میں تیزی یا مندی کو طے کریں گے لیکن اگر آپ انٹرنیشنل مارکیٹ کی ٹریڈنگ کرنے جا رہے ہیں تو بین الاقوامی حالات و واقعات آپ کی ٹریڈنگ سکرین پر اثر انداز ہوں گے اس لئے اپنے ٹریڈنگ سیگمنٹ کے لحاظ سے خبروں اور تجزیوں کا انتخاب کریں۔۔۔

(4) نفع کی حد مقرر کریں یا نہ کریں لیکن نقصان کی حد ضرور مقرر کر لیں۔۔ چوتھا اور اہم اصول یاد رکھیں کہ ایک اچھا ٹریڈر وہی ہوتا ہے جو منافع کے ساتھ ساتھ نقصان کی حد بھی مقرر کر لے ۔ یعنی نفع اور نقصان دونوں ہی ہر کاروبار کا حصہ ہیں۔ نفع کمانے کی پوری پلاننگ کریں لیکن تصویر کا دوسرا رخ بھی اپنے زہن میں رکھیں۔ خاص طور پر انٹرنیشنل کماڈٹی یا فاریکس مارکیٹ میں کبھی بھی Stop Loss کے بغیر کام مت کریں۔ بڑا نقصان کرنے سے بہتر ہے کہ قابل برداشت اور قابل تلافی نقصان برداشت کر لیں جسکا ازالہ آپ اپنے اگلے ٹریڈنگ سیشن میں پوری پلاننگ کے ساتھ کر سکیں، اس لئے اپنی حد نقصان مقرر کئے بغیر ٹریڈنگ سکرین مت چھوڑیں۔۔

(5) اگر آپکو مارکیٹ پیچیدہ لگ رہی ہو یا پھر غیر معمولی طور پر اوپر نیچے ہو رہی ہو تو اس دن ٹریڈنگ مت کریں ۔ یاد رکھیں ایک مشہور مقولہ ہے کہ ہر دن عید کا دن نہیں ہوتا۔۔ یعنی ضروری نہیں کہ آپ ہر روز کام کریں۔ جس دن یا جس سیشن میں آپ کو مارکیٹ کے اتار چڑھاو کی سمجھ نہ آ رہی ہو تو آرڈرز لگانے کی کوشش مت کریں بلکہ بہتر ٹریڈنگ سیشن کا انتظار کریں کیونکہ ہر بال پر چھکا لگانے کی کوشش کرنے والا کھلاڑی جلدی پویلیئن لوٹ جاتا ہے۔ اس لئے جس سیشن کی سمجھ نہ آ رہی ہو اپنا کمپیوٹر بند کریں اور زہنی طور پر ریلیکس ہو جائیں

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button