سعودی عرب کا پاکستان کی بھرپور معاشی امداد کا اعلان اور متوقع اثرات

سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کی بھرپور معاشی امداد کا اشارہ دیا ہے۔ عالمی نشریاتی ادارے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خزانہ شہزادہ محمد الجدان نے انٹرویو کے دوران پاکستان کی سنگین معاشی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے سول کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت سعودی عرب شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی احکامات کے تحت برادر ملک پاکستان کی بھرپور معاشی مدد کرے گی اور اسے دیوالیہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے عالمی مالیاتی ادارےIMF کے فرینڈز آف پاکستان فورم میں پاکستان کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لئے گارنٹیز بھی فراہم کی ہیں۔ یہ گارنٹیز 16 ارب ڈالرز سے زائد کی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اسوقت سنگین معاشی مسائل سے دوچار ہے۔ اور اسے جاپانی معاشی ادارے نومارا نے حال ہی میں ان سات ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے جن کے مالیاتی نظام کے بکھرنے کا امکان ہے۔

عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی مدد کے لئے میکانزم طے کیا جا رہا ہے اور چند روز قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر بھی امدادی پیکیج کا ایک حصہ ہے اور سعودی شاہ سلمان کے اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انٹرویو کے دوران شہزادہ محمد الجدان نے ترکی کے سینٹرل بینک میں بھی 4 ارب ڈالر رکھنے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد ترکی کے مالیاتی نظام کو مستحکم کرنا ہے۔

اپنے قارئین کو بتاتے چلیں کہ چند روز قبل پاکستان نے اپنے یورو بانڈز کی کریڈٹ ڈیبٹ سویپ (CDS) کا انشورنس پریمیئم میچورٹی سے دو روز قبل ادا کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ میں پہلی بار 7 ارب ڈالرز سے کم ہو گئے ہیں جس کے بعد ایک بار پھر پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ پاکستان کے معاشی اعشاریے (Financial Indicators) بالخصوص PSX اس صورتحال سے شدید متاثر ہوئی ہے اور گذشتہ دو ہفتوں کے دوران اس میں دو ہزار پوائنٹس کی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے اور 40 ارب روپے سے زائد کے سرمائے کا انخلاء ہو چکا ہے۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیطرف سے آج جاری کی جانیوالی Business Confidence رپورٹ کے مایوس کن اور ہوشربا اعداد و شمار کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کئی روز سے گراوٹ کے رجحان کا تسلسل جاری رہا۔ ان حالات میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی امداد کی یقین دہانی ایک انتہائی مثبت خبر ہے جس کے اثرات یقینی طور پر پاکستانی فائنانشل مارکیٹس کے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button