SEC کی طرف سے Terra Form Labs پر کیس دائر
امریکی ریگولیٹری ادارے SEC کی طرف سے گذشتہ سال TerraUSD اسٹیبل کوائن اسکینڈل پر اسکی انتظامی کمپنی Terra Form Labs پر کیس دائر کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مئی 2022ء میں Terra کے کریش ہونے کے بعد کرپٹو کرنسیز کی قدر میں شدید گراوٹ سے کئی کرپٹو نیٹ ورکس دیوالیہ ہو گئے تھے۔ سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن (SEC) نے ٹیرا کی مرکزی کمپنی پر سرمایہ کاروں کو گمراہ کرنے اور منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ کیس میں TerraUSD کو غیر قانونی طور پر ادائیگیوں کیلئے استعمال کرنے اور اینکر پروٹوکول کے تحت لیونا ٹوکن کے ذریعے کرپٹو فنڈز منتقل کئے جانے کو بھی کیس فائل کا حصہ بنایا گیا۔ کیس کے مندرجات میں غیر قانونی طور پر ٹیرا فارم کی طرف سے سیکورٹیز کی فروخت اور غبن کی دفعات کا حوالہ دیا گیا ہے۔
مقدمے کے حوالے سے SEC نے تفصیلی بیان جاری کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیرا فارم لیبز نے ٹیرا اور لیونا اسٹیبل کوائنز کو منظم پلاننگ کے تحت فنڈز کی خورد برد میں استعمال کیا اور پھر UST اور LUNA کی قدر کو مبینہ طور پر گرایا۔ جس سے کرپٹو سرمایہ کاروں کے اربوں ڈالر ڈوب گئے تھے۔ یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ ٹیرا کے لیونا اسٹیبل کوائن سے شروع ہونیوالا عدم استحکام کرپٹو ایکسچینجز سیلسیئس، FTX اور کرپٹو انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے پر منتج ہوا جس کے آفٹر شاکس ابھی تک جاری ہیں۔ مقدمے میں ٹیرا فارم اور کوان کو انفرادی اور کمپنی کی اجتماعی حثیت میں نامزد کیا گیا ہے۔ حالیہ عرصے میں FTX گیٹ اسکینڈل میں ایکسچینج کی خریدار اور مالی بے ضابطگیوں کو سامنے لانے والی دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج بائنانس کے خلاف امریکی ادارے FBI نے SEC کی شکایات پر بڑا کریک ڈاؤن کیا۔ اس معاملے پر مختلف زاویوں سے تحقیقات اور کاروائیوں کا عمل جاری ہے۔ مقدمے میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ اسٹیبل کوائن کی قدر کو ٹیرا فارم اور کوان کنٹرول کرتے ہیں نا کہ کسی قسم کا Algorythemic Code ۔ ادارے کے مطابق اس الگورتھم کے نام پر دنیا بھر میں کرپٹو صارفین کو بے وقوف بنایا جاتا ہے۔
کرپٹو کرنسیز پر اثرات
گذشتہ روز کیس سامنے آنے کے بعد کرپٹو کرنسیز میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ بٹ کوائن 24500 سے نیچے مجموعی طور پر 1 ہزار ڈالرز کی کمی سے 23500 تک گراوٹ کا شکار ہوا۔ تاہم BTC آج کے یورپی سیشنز میں 222 ڈالرز بحال ہو کر 23700 تجاوز کر گیا ہے۔ دیگر کرپٹو کرنسیز میں ملا جلا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ اپنے قارئین کو بتاتے چلیں کہ FTX اسکینڈل کے بعد امریکہ سمیت کئی ممالک میں کرپٹو کرنسیز اور ایکسچینجز کو ریگولیٹ کیا جا رہا ہے۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔