PSX میں مندی، عدالتی اصلاحات بل اور IMF پروگرام میں تاخیر
PSX میں مندی کا رجحان ہے۔ جس کی بنیادی وجوہات عدالتی اصلاحات بل اور IMF پروگرام میں تاخیر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے درمیان سرد جنگ اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ جس کے منفی اثرات ملکی معاشی اعشاریوں (Financial Indicators) پر مرتب ہوئے ہیں۔
عدالتی اصلاحات ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش
پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد سے جاری سیاسی عدم استحکام اسوقت اپنی انتہاء پر پہنچ گیا جب الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے سو موٹو ایکشن میں دیئے گئے فیصلے کے بعد جاری کئے گئے صوبائی اسمبلیوں کے الیکشنز کا شیڈول تبدیل کر کے اسے ملک گیر انتخابات کے ساتھ منسلک کر دیا
اس فیصلے کے خلاف سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ملک کی اعلی ترین عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔ جس کے بعد حکومت کی طرف سے چیف جسٹس آف پاکستان کے وسیع تر اختیارات کو محدود کرنے کا عدالتی اصلاحات کا بل پیش کیا گیا ہے۔ جسے آج باضابطہ طور پر منظور کر کے سینیٹ بھجوا دیا گیا۔ ماہرین کے مطابق پارلیمنٹ کے اس فیصلے سے دور رس سیاسی اور معاشی اثرات مرتب ہوں گے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے معاہدے میں تاخیر
پاکستان گذشتہ کئی ماہ سے سنگین معاشی بحران کا شکار ہے۔ غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی کم ترین سطح پر آ چکے ہیں۔ ان حالات میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے دوست ممالک نے بھی معاشی امداد کو IMF پروگرام کی بحالی سے مشروط کر دیا تھا۔ جبکہ تمام پیشگی شرائط پوری کرنے کے باوجود ابھی تک ڈیڈ لاک برقرار ہے اور عالمی ادارہ پہلی بار دوست ممالک سے فنڈنگ کی تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کر رہا ہے۔ جس سے پروگرام کی فوری بحالی مشکوک ہو گئی ہے۔
مارکیٹ پر اثرات
حالیہ سیاسی اور معاشی واقعات سے سرمایہ کاری کے رجحان میں کمی واقع ہوئی ہے اور PSX سے سرمائے کا انخلاء جاری ہے۔ KSE100 انڈیکس 202 پوائنٹس کی کمی سے 40 ہزار کی نفسیاتی سپورٹ بریک کرتے ہوئے 38879 پر آ گیا۔ آج اسکی بلند ترین سطح 40186 جبکہ کم ترین 39866 رہی۔ دوسری طرف KSE30 بھی 55 پوائنٹس کی گراوٹ سے 14771 پر بند ہوا۔ انڈیکس کی ٹریڈنگ رینج 14756 سے 14868 کے درمیان رہی۔
کیپیٹل مارکیٹ میں 10 کروڑ سے زائد شیئر کا لین دین ہوا۔ جنکی مجموعی مالیت محض 3 ارب 21 کروڑ رہی۔ زیادہ تر سودے چھوٹے اسٹاکس (Penny Stocks) میں ہوئے۔ شیئر بازار میں 319 کمپنیوں نے ٹریڈ میں حصہ لیا۔ جن میں سے 79 کی قدر میں تیزی، 203 میں مندی جبکہ 37 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔