PSX میں دن کا مثبت اختتام۔ بینکوں کے معاشی نتائج اور سیاسی مزاکرات
PSX میں کاروباری دن کا اختتام تیزی کے رجحان پر ہوا۔ جس کی بنیادی وجوہات میں کمرشل بینکوں کے معاشی نتائج اور ارننگز ہیں۔ اس کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونیوالے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ آج مارکیٹ کیپیٹلائزیشن میں 0.83 فیصد استحکام دیکھا گیا۔
PSX کی کارکردگی پر معاشی نتائج کے اثرات
گذشتہ ہفتے سے رواں سال کے پہلے کوارٹر کے معاشی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کمرشل بینکوں کی مجموعی ارننگز میں معاشی بحران کے باوجود 40 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ جس سے میوچل فنڈز میں ریکارڈ خریداری ہوئی اور مارکیٹ کا منظرنامہ مثبت ہوا۔ یونائٹڈ بینک لیمیٹڈ (UBL) 38 فیصد اور حبیب بینک لیمیٹڈ (HBL) 47 فیصد کے ساتھ سرفہرست ریے۔ جبکہ میزان اور حبیب میٹرو پولیٹن بینکس پہلے ہی اپنی Earning Reports اور پرکشش Dividends ڈیکلیئر کر چکے ہیں۔
فائنانشل رزلٹس سے گذشتہ دو ہفتوں میں 29 سو پوائنٹس کی بحالی ہوئی ہے جبکہ سرمایہ کاری کا حجم بھی بہتر یو رہا ہے۔ یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ یہ سلسلہ مئی کے اختتام تک جاری رہے گا۔
انتخابات پر سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات اور بے یقینی میں کمی
پاکستان گذشتہ ایک سال سے سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے سیاسی فضا کشیدہ رہی ہے۔ جس کے انتہائی منفی اثرات ملک کے معاشی اعشاریوں (Financial Indicators) پر مرتب ہوئے۔ حالیہ دنوں میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی مداخلت پر ملک بھر میں ایک ہی روز الیکشنز کے انعقاد کیلئے شروع ہونیوالے مذاکرات سے نہ صرف بوجھل سیاسی ماحول بہتر ہوا ہے بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
مارکیٹ کا ردعمل
آج KSE100 انڈیکس 346 پوائنٹس کے اضافے سے 41927 پر آ گیا۔ اسکی کم ترین سطح 41990 اور کم ترین 41580 رہی۔ آج ایک موقع پر یہ 42 ہزار کی نفسیاتی سطح (Psychological Level) کے بالکل قریب آ گیا تھا۔ تاہم یہاں پر پرافٹ ٹیکنگ شروع ہو گئی اوراوہر کی ریلی کا تسلسل جاری نہ رہ سکا۔ اگر کل یہ اس مارک سے اوپر آ گیا تو یہ 3 ماہ کے بعد پہلی بار اس سطح کو عبور کرے گا۔
دوسری طرف KSE30 میں دن کا اختتام منفی انداز میں ہوا۔ انڈیکس 44 پوائنٹس کی مندی سے 15331 پر بند ہوا۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 15203 سے 15376 کے درمیان رہی۔ اسکی وجہ سرمایہ کاروں کی طرف سے بینکنگ اسٹاکس میں ہونیوالی خریداری تھی جو کہ KSE100 میں رجسٹرڈ ہیں۔
آج کیپیٹل مارکیٹ میں 22 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔ جن کی مجموعی مالیت 6 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ آج کا والیوم لیڈر 2 کروڑ 29 لاکھ شیئرز کے ساتھ فوجی فوڈز لیمیٹڈ (FFL) رہا۔ جبکہ 1 کروڑ 55 لاکھ شیئرز کے ساتھ سلک بینک دوسرے اور میپل لیف سیمنٹ (MLCF) تیسرے نمبر پر رہا۔ شیئر بازار میں 377 کمپنیوں نے ٹریڈ میں حصہ لیا۔ جن میں سے 187 کی قدر میں تیزی، 163 میں مندی جبکہ 27 میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔