امریکی اسٹاکس کے لئے کاروباری ہفتہ مثبت زون میں اچھی حاصلات دے کر اختتام پزیر
امریکی مارکیٹس کے لئے جہاں گزشتہ کاروباری ہفتہ ایک ڈراونا خواب اور تاریخ کا بدترین ہفتہ ثابت ہوا تھا وہیں آج ختم ہونیوالے کاروباری ہفتے نے گزشتہ ہفتے کی کھوئی ہوئی قدر بھی بحال کر لی ہے۔ بلاشبہ عالمی کساد بازاری کی خبریں، افراط زر اور یوکرائن جنگ کی وجہ سے امریکی مارکیٹس انتہائی پیچیدہ صورتحال کا سامنا کر رہی ہیں تاہم حالیہ چند دن امریکی مارکیٹس کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئے ہیں۔ ہم امریکی شیئر بازار ایس اینڈ پی۔ 500 سے آغاز کرتے ہیں جس کے انڈیکس میں آج 3 فیصد سے زائد تیزی دیکھی گئی۔ اس طرح مجموعی طور پر رواں ہفتے کے دوران اس نے 6.4 فیصد سے زائد قدر حاصل کی ۔ اس طرح پچھلے تین ماہ میں ایس اینڈ پی کے لئے یہ سب سے بہترین ہفتہ ثابت ہوا۔ اگر بات کریں نیسڈق کی تو یہاں بھی آج مارکیٹ والیوم کھل کر ٹریڈ ہوا اور انڈیکس میں 3.2 فیصد بہتری آئی۔ اسطرح اس فائنانشل مارکیٹ نے پورے معاشی ہفتے کے دوران 7.5 فیصد قدر حاصل کی جو کہ دیگر تمام مارکیٹس کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی ہے۔ آج نیسڈق کے سرمایہ کار کافی پراعتماد نظر آئے اور مسلسل خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔ رشل 2000 بھی رواں ہفتے کے دوران 5 فیصد اور اختتامی سیشن کے دوران 3 فیصد مثبت رجحان اور حاصلات کے ساتھ بند ہوئی۔ ڈاو جونز انڈسٹریل ایوریج کے لئے بھی آج کا دن اور یہ ہفتہ اچھی حاصلات دے کر ختم ہوا جس نے آخری سیشن میں 2.6 فیصد اور مجموعی طور پر ہفتے کے دوران 5.4 فیصد کھوئی ہوئی قدر بحال کی۔ اس طرح امریکی اسٹاکس کے لئے آج ختم ہونیوالا معاشی ہفتہ بہت عرصے کے بعد اچھے مثبت اعشاریے اور حاصلات دے کر رخصت ہوا۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔