سونے سے 7.5 بلین ڈالر تاریخی انخلا
Gold Outflow Record Shakes Global Market
سونے سے 7.5 بلین ڈالر تاریخی انخلا، سرمایہ کاروں کا غیر معمولی فیصلہ
گزشتہ ہفتے عالمی مالیاتی دنیا میں ایک اہم تبدیلی اس وقت دیکھنے میں ائی جب سونے کے فنڈز (Gold Funds) سے 7.5 ارب ڈالر کا تاریخی انخلا (Outflow) ہوا۔ 7.5 ارب ڈالر کا یہ انخلا کوئی معمولی انخلا نہیں بلکہ سونے کی تاریخ کا سب سے بڑا ہفتہ وار انخلا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ انخلا اُس وقت ریکارڈ ہوا جب اسپاٹ گولڈ (Spot Gold) کی قیمت تقریباً $4,000 فی اونس کے قریب مستحکم رہی۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق، 3 نومبر 2025 کو عالمی اسپاٹ گولڈ کی قیمت تقریباً $4,014 فی اونس تک دیکھی گئی، جو اب بھی اس قیمتی دھات کے لیے ایک غیر معمولی سطح ہے۔ لیکن سوال یہ ہے: جب قیمت مستحکم تھی، تو سرمایہ کاروں نے اتنی بڑی مقدار میں سرمایہ کیوں نکالا؟ اس کا جواب صرف اعداد میں نہیں بلکہ انسانی نفسیات، مارکیٹ کے رویّے، اور معاشی توازن میں چھپا ہے۔
سرمایہ کاروں کا رویہ: منافع، خوف یا حکمتِ عملی؟
یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرنے کی ضرورت ہے کہ سرمایہ کاری کی دنیا میں آؤٹ فلو (Outflow) ہمیشہ خطرے کی علامت نہیں ہوتا۔ کئی بار یہ محض منافع لینے (Profit Taking)، لیکویڈیٹی کی ضرورت (Liquidity Need)، یا سرمایے کی نئی تقسیم (Reallocation) کا نتیجہ ہوتا ہے۔ گزشتہ چند ماہ میں سونا شاندار اضافہ دکھا چکا تھا، یہاں تک کہ اکتوبر میں $4,300 فی اونس سے بھی اوپر کی سطح تک ٹریڈ ہوا۔ ایسے میں سرمایہ کاروں میں منافع لینے کی خواہش فطری تھی۔
تاریخ ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ جب بڑے فنڈز (Funds) ایک ساتھ مارکیٹ سے نکلتے ہیں، تو یہ اکثر مارکیٹ کے "کیپٹولیشن مومنٹ (Capitulation Moment)” کی نشانی بھی ہو سکتی ہے، یعنی وہ لمحہ جب قلیل مدتی سرمایہ کار جذبات میں آ کر نکل جاتے ہیں، اور طویل مدتی سرمایہ کار (Long-term Investors) خاموشی سے مارکیٹ میں داخل ہونا شروع کرتے ہیں۔
2020 کے کووِڈ بحران میں بھی کچھ ایسا ہی دیکھنے میں ایا تھا۔ اس وقت بھی سونے میں بڑے پیمانے پر آؤٹ فلو دیکھا گیا، مگر صرف چند ماہ بعد ہی سونے کی قیمتیں نئی بلندیوں پر جا پہنچیں۔
اسی طرح 2021 اور 2022 میں ڈالر انڈیکس (Dollar Index) کی مضبوطی اور بانڈ ییلڈز (Bond Yields) کے بڑھنے سے سونا وقتی طور پر دباؤ میں آیا، مگر بنیادی مانگ (Physical Demand) اور مرکزی بینکوں (Central Banks) کی خریداری نے بعد میں قیمت کو دوبارہ اوپر کی جانب دھکیل دیا۔
موجودہ حالات: وقتی کمی یا رجحان کی تبدیلی؟
ماہرین کے مطابق، حالیہ 7.5 ارب ڈالر کا آؤٹ فلو زیادہ تر منافع بکنگ (Profit Booking) اور ریٹ کٹ کے غیر یقینی امکانات (Rate Cut Uncertainty) کی وجہ سے ہے۔ امریکی ڈالر کی مضبوطی نے بھی سونے پر دباؤ بڑھایا، کیونکہ جب ڈالر مضبوط ہوتا ہے تو دیگر کرنسیوں کے سرمایہ کاروں کے لیے سونا مہنگا پڑتا ہے۔
اس کے باوجود، سونے کی بنیادی مانگ میں کمی نہیں آئی۔ کئی ممالک میں مہنگائی (Inflation) اور جیوپولیٹیکل کشیدگی (Geopolitical Tension) بدستور برقرار ہے، اور یہی وہ عوامل ہیں جو سونے کو ایک مضبوط سیف ہیون (Safe Haven) بنائے رکھتے ہیں۔
تکنیکی جائزہ:
موجودہ اسپاٹ گولڈ (Spot Gold) قیمت تقریباً $4,014 فی اونس پر موجود ہے۔ تاریخی رجحانات کے مطابق اگلے آنے والے ہفتوں میں ایک تکنیکی ری باؤنس (Technical Rebound) ممکن ہے، بشرطیکہ سونا اپنی کلیدی سپورٹ لیولز (Support Levels) برقرار رکھے۔ اگر مارکیٹ میں استحکام قائم رہا تو سونا $4,200 – $4,550 فی اونس کے درمیان ٹریڈ کر سکتا ہے۔ اہم ریزسٹنس زون (Resistance Zone) تقریباً $4،050 – $4,160 پر متوقع ہے۔ البتہ اگر قیمت $3,950 سے نیچے بند ہوئی تو مختصر مدتی دباؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو اسے $3,850 – $3,700 – $3,500 کے زون تک لے جا سکتا ہے۔
فیڈرل ریزرو (Federal Reserve) کی پالیسی، امریکی بانڈ ییلڈز، اور ڈالر انڈیکس اگلے رجحان کے تعین میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔ اگر شرحِ سود میں نرمی کے اشارے ملے تو سونا دوبارہ مضبوط بُل رَن (Bull Run) میں داخل ہو سکتا ہے۔
مرکزی بینک – حقیقی طاقت؟
بڑے فنڈز کے نکلنے کے باوجود، مرکزی بینک (Central Banks) سونا مسلسل خرید رہے ہیں۔ چین، بھارت، ترکی اور روس جیسے ممالک اپنے زرمبادلہ کے ذخائر میں تنوع پیدا کرنے کے لیے سونا جمع کر رہے ہیں۔ یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ اگرچہ قلیل مدتی سرمایہ کار نکل رہے ہیں، مگر ادارہ جاتی سطح پر سونا اب بھی ایک حقیقی تحفظ (True Hedge) کے طور پر برقرار ہے۔
اگلے 3 ماہ کی تصویر
اگر معاشی دباؤ میں نرمی کی صورتحال نظر ائی تو سونا بتدریج $4,300 – $4,550 کی سطح دوبارہ چھو سکتا ہے۔البتہ اگر امریکی بانڈ ییلڈز یا ڈالر مزید مضبوط ہوئے تو ایک عارضی اصلاح (Short-term Correction) ممکن ہے۔ اس صورت میں بھی بنیادی رجحان طویل مدتی بنیادوں پر بُلش (Bullish) ہی سمجھا جا رہا ہے۔
اختتامی تجزیہ:
7.5 ارب ڈالر کے اس ریکارڈ آؤٹ فلو کو اگر صرف منفی علامت سمجھا جائے تو یہ آدھی تصویر ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب مارکیٹ خوف میں مبتلا ہوتی ہے، تو وہی لمحہ سمارٹ منی (Smart Money) کے لیے داخل ہونے کا ہوتا ہے۔ جو سرمایہ کار صبر، بصیرت اور تدبر کے ساتھ دیکھتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ مارکیٹ کا شور ہمیشہ حقیقت نہیں ہوتا بلکہ اکثر وہی مقام اگلی بڑی تیزی (Bull Phase) کا آغاز بن جاتا ہے۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔



