یورپیئن مارکیٹس کا مثبت سطح پر اختتام ۔ امریکی اسٹاکس میں ملا جلا آغاز
آج یورپیئن مارکیٹس میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور سوائے یورو کے سرمایہ کاری بانڈز کے سبھی ایکوئیٹیز میں تیزی دیکھی گئی ۔ برطانوی فٹ سی کا ہنڈرڈ انڈیکس 91 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 7199 کی سطح پر جبکہ آل شیئر انڈیکس 3991 کے لیول پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ پچھلے دو دن میں برطانوی سیاسی تاریخ پہلی بار ایک ہالی ووڈ کی کسی فلم کی طرح سنسنی خیز واقعات سے گزری جس کے کلائمیکس میں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن مستعفی ہونے پر راضی ہو گئے۔ جس کے بعد کیبل( برطانوی پاونڈز اور ڈالر کا پیئر) اور فٹ۔سی دونوں کی قدر میں استحکام دیکھا گیا۔ آگے چلتے ہوئے بات کرتے ہیں جرمن ڈیکس کی جو کہ آج بھی اچھے والیوم کے ساتھ 248 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 12843 کی سطح پر اختتام پزیر ہوئی۔ یہاں یہ بتاتی چلوں کہ رواں ہفتے میں جرمن ڈیکس نے کافی حد تک اپنی قدر بحال کی ہے اور یوکرائن جنگ کے بعد رواں ہفتہ سب سے اچھا معاشی پیرئڈ ثابت ہوا ہے۔ یورو زون کی مشترکہ اسٹاک مارکیٹ یورو نیکسٹ میں آج مسلسل چوتھے روز بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ یورو نیکسٹ کے لیے آج کا کاروباری دن 25 پوائنٹس کے معمولی لیکن اہم اضافے کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔ اسی طرح فرینچ سی۔اے۔سی 94 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 6006 کی سطح پر بند ہوئی۔ اگر بات کریں سوئس اسٹاک مارکیٹ کی تو یہاں بھی 100 ہوائنٹس کا اچھا اضافہ ہوا جس کے بعد سوئس انڈیکس 10940 کی سطح پر آ گیا۔ دوسری طرف آج کا دن اگرچہ ڈالر کے حوالے سے پچھلے تین ماہ میں بہترین دن ثابت ہوا اور ڈالر کے سرمایہ کاری بانڈز کے لئے بھی مستحکم دن لیکن امریکی مارکیٹس کیلئے کم متحرک آغاز نظر آ رہا ہے۔ اگرچہ امریکی مارکیٹس کے لئے آج کے سیشن کی ابھی محض ابتداء ہے اور امریکہ میں پورا کاروباری دن ابھی باقی ہے لیکن آغاز میں کیپٹلائزیشن اور والیوم دونوں ہی کم نظر آ رہے ہیں
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔