امریکی CPI رپورٹ کے بعد کرپٹو مارکیٹ بحالی کے راستے پر۔
امریکی CPI رپورٹ کے مثبت اعداد و شمار کے جاری کئے جانے کے بعد جہاں کماڈٹیز اور اسٹاکس کی قدر میں انتہائی سرعت کے ساتھ اضافہ ہوا ہے وہیں بائنانس- ایف ٹی ایکس معاہدے اور اور اس میں تعطل کے بعد ڈرامائی صورتحال سے متاثرہ کرپٹو مارکیٹ کو اپنی قدر بحال کرنے کے لئے ایک انتہائی مثبت ٹریگر ملا ہے۔ رپورٹ کے مندرجات کے اجراء کے بعد بٹ کوائن (BTC) 15 سو ڈالرز اضافے کے ساتھ 17 ہزار کی نفسیاتی حد (Resistance) کو عبور کرتے ہوئے اسوقت 17500 کی مزاحمتی سطح کے بالکل قریب پہنچ گیا ہے۔ یہ ایک بڑا کم بیک ہے کیونکہ رپورٹ کے اجراء سے قبل معاشی ماہرین بٹ کوائن کے 13 ہزار ڈالرز تک گراوٹ کی پیشگوئی کر رہے تھے لیکن گولڈ اور اسٹاکس کے ساتھ ہی بٹ کوائن نے بھی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ موجودہ مثبت ریلی بٹ کوائن کو 18 ہزار ڈالرز فی کوائن کی مضبوط سطح پر بحال کر سکتی ہے۔
بٹ کوائن کے بعد دنیا کی دوسری بڑی کرپٹو کرنسی ایتھیریم (ETH) بھی 176 ڈالرز کے نمایاں اضافے کے بعد سرمائے کا بڑا حجم (Capitalization) حاصل کرتے ہوئے 12 سو کے بینچ مارک کو عبور کرتے ہوئے اسوقت 13 سو کی مزاحمتی سطح کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ جبکہ رپورٹ کے اجراء سے قبل ایتھیریم کے 1 ہزار ڈالرز سے بھی نیچے آنے کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔
ایف۔ٹی۔ایکس ڈیل کے مرکزی کردار بائنانس کوائن (Binance Coin) بھی 292 ڈالر فی کوائن تک گراوٹ کے بعد 300 ڈالر کی نفسیاتی حد کو عبور کر گیا یے۔ سولانا (Solana) بھی کرپٹو مارکیٹ میں تیزی کی لہر سے ایڈوانٹیج حاصل کر رہا ہے اور 3.58 ڈالر (26 فیصد) اضافے کے ساتھ 17.54 ڈالرز فی کوائن کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ ایولانچے (Avalanche) بھی 2.59 ڈالرز (20 فیصد) اوپر 15.51 ڈالرز فی کوائن پر مستحکم ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ آخر میں ذکر کریں گے لائٹ کوائن (LTC) کا جس کے بارے میں امریکی افراط زر کے ڈیٹا (Inflation Data) کے اجراء سے قبل 50 ڈالرز سے بھی نیچے کی سطح پر گرنے کی پیشگوئیاں کی جا رہی تھیں تاہم ڈیٹا جاری ہونے کے بعد LTC کی قدر میں بھی انتہائی تیزی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد یہ 7.35 ڈالرز (15 فیصد) اضافے کے ساتھ 58 ڈالرز کی سطح پر آ گیا ہے۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔