PSX میں تیزی ، IMF جائزہ ٹیم کے شیڈول کا اعلان۔

KSE100 انڈیکس 51200 سےاوپر مستحکم نظر آ رہا ہے۔

PSX میں تیزی کا تسلسل جاری ہے۔ جس کی بنیادی وجہ IMF جائزہ ٹیم کے شیڈول کا اعلان ہے۔ KSE100 انڈیکس 51200 کی سطح سے اوپر مستحکم نظر آ رہا ہے۔

IMF جائزہ ٹیم کا شیڈول اور PSX پر اثرات۔

عالمی مالیاتی فنڈ کا وفد پاکستان کے ساتھ موجودہ قرض پروگرام کے پہلے جائزے کیلئے 2 نومبر کو ملک کا دورہ کرے گا۔ ادارے کی پاکستان کیلئے نمائندہ ایستھر ییریز روٹز کے مطابق ناتھن پورٹر کی سربراہی میں IMF ٹیم جنوبی ایشیائی ملک کے ساتھ جاری پروگرام کے سلسلے میں کئے جانیوالے معاہدے پر عمل درآمد پر مقامی حکام کے ساتھ بات چیت کرے گا۔

خیال رہے کہ معاہدے کے تحت عالمی فنڈ سے 13 جولائی کو 1 ارب 20 کروڑ ڈالرز کی پہلی قسط موصول ہو گئی تھی۔ جبکہ نومبر جائزے کے بعد 71 کروڑ ڈالرز کی دوسری قسط جاری کی جائے گی۔ اسٹیڈ بائی ارینجمنٹس کے تحت ہونیوالے اس معاہدے کے تحت 9 ماہ کے اس پروگرام میں پاکستان کو مجموعی طور پر 3 ارب ڈالرز ملیں گے۔ پروگرام جاری رہنے کی صورت میں دوسرا جائزہ فروری میں ہو گا۔ اس شیڈول سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا .

IMF پروگرام پاکستانی معیشت کیلئے کتنا ضروری ہے۔؟

اپنے قارئین کو بتاتے چلیں کہ یہ معاہدہ ایسے وقت میں ہوا تھا جب غیر ملکی زرمبادلہ کے انتہائی کم رہ جانے اور بیرونی ادائیگیوں میں مشکلات کے سبب پاکستان دیوالیہ ہو جانے کے قریب تھا۔ تاہم پروگرام دوبارہ شروع ہونے سے اسکی ڈولتی ہوئی معیشت کو سہارا ملا اور بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں بھی موخر ہو گئیں۔ پاکستان کے دوست ممالک چین ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بھی معاشی امداد کو عالمی مالیاتی فنڈ کے گرین سگنل سے منسلک کر دیا تھا۔

اسٹاف لیول معاہدے کی اہم شرائط۔

8 ماہ تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد رواں برس جولائی میں طے پانیوالے اس معاہدے کی شرائط خاصی سخت تھیں۔ جن میں بجلی، گیس اور پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکسز میں اضافہ ، خسارے میں چلنے والے تمام سرکاری اداروں کی پرائیویٹائزیشن اور ٹیکس سسٹم کی شفافیت شامل تھے۔ ان میں سے زیادہ تر نکات پر عمل درآمد کر دیا گیا۔ جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز سمیت زیادہ تر حکومتی تحویل کے اداروں کی نجکاری کا عمل قومی کمیشن کے تحت جاری ہے۔

مارکیٹ کی صورتحال۔

KSE100 انڈیکس 173 پوائنٹس تیزی کے ساتھ 51349 پر آ گیا۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 51140 سے 51520 کے درمیان رہی۔

PSX میں تیزی ، IMF جائزہ ٹیم کے شیڈول کا اعلان۔

دوسری طرف KSE30 بھی 60 پوائنٹس اوپر 17588 پر بند ہوا۔ اسکی بلند ترین سطح 17662 رہی۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 34 کروڑ 54 لاکھ شیئرز کا تبادلہ ہوا۔ جن کی مالیت 10 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button