کرپٹو کی دنیا میں کیا ہو رہا ہے ؟
امریکی کنزیومر پرائس انڈیکس رپورٹ اور اسکے بعد فیڈرل ریزرو کی طرف سے دیئے گئے شرح سود کے بارے میں متنازعہ بیان کے بعد ڈالر تمام کرنسیز کے مقابلے میں تیزی سے گراوٹ کا شکار ہوا۔ یہاں تک کہ کروڈ آئل ، کماڈیٹیز اور کرپٹو کرنسیز نے بھی اپنی قدر بحال کرنا شروع کر دی۔ کچھ دن پہلے تک ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ڈیجیٹل اور کرپٹو کرنسیز اپنے کلائمیکس کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ ریگولیٹڈ ویلیو انڈیکس کی بحث ہو رہی تھی ۔ یہاں تک کہ برطانوی مرکزی بینک اور امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خزانہ نے بھی سرمایہ کاروں کو کرپٹو اثاثوں سے دور رہنے کی وارننگز جاری کر دی تھین۔ کرپٹو کی ٹرانزیکشنز کے بڑے پلیٹ فارمز نے صارفین کو ادائیگیاں معطل کر دی تھیں اور سیلسیئس جیسے بڑے کرپٹو پلیٹ فارم کو دیوالیہ قرار دے دیا گیا تھا اور ان سے صارفین کے سرمائے کی وصولی کے لئے قانونی کاروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا تھا۔ تاہم امریکی ڈالر کے دباو میں آتے ہی کرپٹو ورلڈ ایکسچینج میں جیسے نئی جان پڑ گئی ہو اور ایک بار پھر جمعے کے دن سے کرپٹو پلیٹ فارمز کی رونقیں بحال ہونا شروع ہوئیں۔ سب سے پہلے بات کرتے ہیں بٹ کوائن کی جو کہ 19 ہزار ڈالرز فی کوائن کی سطح سے بھی نیچے آ گیا تھا اور 8 ہزار ڈالرز فی کوائن کی بنیادی قیمت کی پیشگوئیاں کی جانے لگی تھیں ۔ جمعے کے دن 20 ہزار اور آج 22 ہزار ڈالرز فی کوائن کی سطح کی بحالی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی کے لئے ایک بڑا بریک تھرو قرار دیا جا رہا ہے۔ بٹ کوائن اسوقت 22208 کی قیمت پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ ایتھیریم پچھلے دو دن میں اپنی 50 فیصد قدر بحال کر کے اسوقت 1536 ڈالرز فی کوائن کے لیول پر مسلسل آگے بڑھ رہا ہے جبکہ لائٹ کوائن 57 ڈالرز تک بلش زون میں داخل ہو گیا ہے۔ چند دن قبل 22 ڈالرز تک نیچے آنے والے سولانا نے 40 ڈالرز فی کوائن کی نفسیاتی حد عبور کر لی ہے۔ اس طرح باقی کرپٹو کرنسیز میں بھی اچھی ریکوری دکھائی دے رہی ہے۔ تاہم تیزی کا یہ مومینٹم کتنا عرصہ برقرار رہ سکے گا اسکا تعین اسی اختتام ہفتہ تک ہو جائے گا۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔