بہماس: سیکورٹیز ریگولیٹری اتھارٹی نے FTX Digital کے اثاثے منجمند کر دیئے۔
سیم بینکمین فرائڈ کے لئے رواں ہفتہ ایک برا خواب ثابت ہوا ہے۔ اپنے حریف بائنانس کے ساتھ کرپٹو پلیٹ فارم کی فروخت کی ڈیل کے بعد کمپنی کی معاشی رپورٹس کے منظر عام پر آنے کی گرد ابھی بیٹھی نہیں تھی کہ دنیا کے کئی ممالک نے ایف۔ٹی۔ایکس کے اثاثے منجمند کرنے اور تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔ بہماس کی سیکورٹیز ریگولیٹری اتھارٹی نے گزشتہ روز ایکسچینج کے اثاثوں کو منجمند کر کے انکی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔ یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ ایف۔ٹی۔ایکس نے ستمبر 2021ء میں اپنے دفاتر اور ایکسچینج کو ہانگ کانگ سے بہماس منتقل کر دیا تھا۔ جسکی بنیادی وجہ بھی اسوقت کرپٹو مارکیٹ کی بحرانی صورتحال میں لیکوئیڈٹی کے مسائل سے نبرد آزما ہونا تھا۔ بہماس سپریم کورٹ میں صارفین کے اثاثوں کی واپسی کے لئے دائر درخواست میں FTX کے اثاثوں کو تحلیل کرنے کے اجازت نامے کی استدعا کی گئی ہے۔ ریگولیٹری اتھارٹی کے حالیہ اقدامات ایکسچینج کی طرف سے سرمایہ کاروں کی رقومات المیڈا ریسرچ (Alameda Research) کو منتقل کئے جانے کے انکشاف کے بعد کئے گئے ہیں۔بہامین حکام کے مطابق ایف۔ٹی۔ایکس نے صارفین اور سرمایہ کاروں کے اثاثے انکی رضامندی کے حصول کے بغیر منتقل کئے تھے۔ جو کہ دھوکہ دہی اور فراڈ کے زمرے میں آتا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اہجنسی رائٹرز کے مطابق ایف۔ٹی۔ایکس انتظامیہ نے رواں سال کے دوران 4 بلیئن ڈالرز کے اثاثہ جات المیڈا ریسرچ کو غیر قانونی طور پر منتقل کئے تھے۔ جس کے بعد بہماس کے ریگولیٹری حکام نے سرمایہ کاروں کو رقومات اور اثاثوں کی ادائیگی کے لئے سپریم کورٹ سے کمپنی کے اثاثوں کو جزوی طور پر تحلیل کرنے کی استدعا کی ہے۔
خبر رساں اہجنسی نے اپنی رپورٹ میں مزید انکشاف کیا ہے کہ بینکمین فرائڈ نے سرمایہ کاروں کو قائل کرنے کی یہ کہہ کر کوشش کی تھی کی اگر ایمرجنس امداد نہ دی گئی تو کرپٹو پلیٹ فارم دیوالیہ ہو سکتا ہے۔ لیکن فنڈز وصول کرنے کے بعد انہیں المیڈا کو منتقل کر دیا تھا اور اثاثوں کی منتقلی کے بعد FTT ٹوکنز کو تحلیل کر دیا گیا تھا ۔ جس کے بعد بائنانس کے ساتھ ایکسچینج کی فروخت کا معاہدہ کیا گیا۔ 2 نومبر 2022ء کو کوائن ڈیسک نے ایف۔ٹی ایکس کے ممکنہ دیوالیہ ہونے کی خبر دی تھی تا کہ سیلسیئس کے انداز میں کرپٹو صارفین کے اثاثوں کو خرد برد کیا جا سکے۔ تاہم FTX کی فروخت سے زیادہ ایکسچینج کی مالی حثیت کا انکشاف کرپٹو مارکیٹ پر بجلی بن کر گرا۔ جس سے مارکیٹ سے 70 بلیئن ڈالرز سے زائد کے سرمائے کا انخلاء محض 24 گھنٹوں کے دوران دیکھنے میں آیا۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔