ڈیجیٹیل یورو کے بارے میں اکتوبر تک فیصلہ کیا جائے گا۔ یورپی سینٹرل بینک

ڈیجیٹیل یورو کی تیاری کے بارے میں فیصلہ اکتوبر تک کیا جائے گا۔ معاملہ ابھی تک گورننگ کونسل میں زیر غور ہے۔ ان خیالات کا اظہار یورپی مرکزی بینک (ECB) کی پالیسی ساز کمیٹی کے ممبر فیبیو پینیٹا نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں یورو کے ڈیجیٹیل ورژن کو ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اسکے استعمال کا فیصلہ عالمی اور یورپی مالیاتی نظام پر اسکے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیجیٹیل یورو مارکیٹ میں پہلے سے موجود کرپٹو کرنسیز کے ساتھ صحتمندانہ مقابلے کیلئے یورپی ڈیجیٹیل اثاثہ ہو گا۔

ڈیجیٹیل یورو کیا ہے ؟

ڈیجیٹیل یورو دیگر کرپٹو کرنسیز کی طرح کام کرنیوالی ایک کرپٹو کرنسی ہے تاہم اسکے مرکزی بینک کے ذریعے ریگولیٹ کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ پر گذشتہ سال فروری سے کام جاری ہے۔ یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ حالیہ عرصے میں پیپلز بینک آف چائنا ڈیجیٹیل یوان کامیابی کے ساتھ لانچ کر چکا ہے۔ جبکہ امریکی فیڈرل ریزرو (Fed) بھی ڈیجیٹیل ڈالر منصوبے پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے علاوہ جاپان، سٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے سینٹرل بینکس کی طرف سے سرکاری ڈیجیٹیل کرنسیز اسی سال متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔

عالمی مارکیٹس پر متوقع اثرات

ڈیجیٹیل یورو کی لانچنگ سے کرپٹو کیپیٹلائزیشن وسعت اختیار کرے گی اور مرکزی بینک کے ذریعے ریگولیٹ کئے جانے سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ تاہم ڈیجیٹیل یورو کو بھی اسی طرح سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا جیسے ڈیجیٹیل یوان کو کرنا پڑا تھا۔ لیکن معاشی ماہرین کے خیال میں ریگولیٹڈ ڈیجیٹیل کرنسیز کو مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا کیونکہ دیگر کوائنز کی نسبت یورو، یوان اور ڈالر ظاہری وجود رکھتے ہیں۔ اور ڈیجیٹیل ورژن آنے سے گلوبلائزیشن کے تصور سے ہم آہنگ ہوں گے۔

یورپی مرکزی بینک کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ بھی گذشتہ برس ڈیووس کے عالمی معاشی فورم پر اس حوالے سے اظہار خیال کر چکی ہیں۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا تھا یہ آج کی دنیا ڈیجیٹیل اثاثوں کی ہے جو کہ ایک بڑی معاشی حقیقت ہے۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈیجیٹیلائزیشن کو روکا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ کرپٹو پر پابندیاں عائد کرنے کی بجائے انہیں ریگولیٹ کیا جانا چاہیئے۔ اس طرح چین جاپان اور امریکہ کے بعد یورپی یونین چوتھی آفیشل ڈیجیٹیل کرنسی لانچ کرنے کی طرف جا رہی ہے۔ جبکہ اسی عرصے کے دوران آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور سوئٹزرلینڈ کی طرف سے بھی ڈیجیٹیل پروجیکٹس کی تکمیل اسی سال متوقع ہے۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button