یورو، پاؤنڈ اور فرانک ڈالر کے مقابلے میں مستحکم
آج یورپی فاریکس سیشنز (EU Forex Sessions) کے دوران یورپی PMI Flash کا ڈیٹا جاری کیا گیا۔ جس کے اعداد و شمار توقعات سے زیادہ مثبت آئے ہیں۔ جبکہ امریکی رپورٹس کے انتظار میں امریکی ڈالر آج صبح ایشیائی سیشنز (Asian Sessions) کے آغاز سے ہی دباؤ میں نظر آ رہا ہے۔ جبکہ اس کے مقابلے میں دیگر عالمی کرنسیز اپنے گذشتہ چھ ماہ کے دوران کھوئے ہوئے لیولز بحال کر رہی ہیں۔ آج امریکی ڈالر کے مقابلے میں یورو (EUR/USD) آج 0.16 فیصد تیزی کے ساتھ 1.0320 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ مجموعی طور پر یورو آج 1.0300 کی سپورٹ سے اوپر مستحکم ہے۔ جبکہ برطانوی پاؤنڈ کے خلاف یورو (EUR/GBP) 0.254 فیصد اوپر 0.8650 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں یورو کی گراوٹ کی بڑی وجہ آج کی PMI Flash رپورٹس کے مثبت اعداد و شمار کے بعد یورو کی طلب (Demand) میں کمی کا ہونا ہے۔ اگرچہ یہ جائزہ رپورٹس ہیں لیکن ان سے اگلے ماہ کے شروع میں یورپی مرکزی بینک (ECB) کو مانیٹری پالیسی متعین کرنے کی گائیڈ لائن ملتی ہے۔ مثبت اعداد و شمار کے نتیجے میں کرسٹین لیگارڈ آئندہ اجلاس میں نرم مانیٹری پالیسی اختیار کر سکتی ہیں۔
یورو کے مقابلے میں جاپانی ین (JPY/EUR) 0.189 فیصد کمی کے ساتھ 0.6860 کی سطح پر گراوٹ کا شکار ہے۔ آسٹریلین ڈالر کے خلاف یورو (EUR/AUS) آج 0.22 فیصد تیزی کے ساتھ 1.5520 پر مثبت مومینٹم اختیار کئے ہوئے ہے جبکہ نیوزی لینڈ ڈالر کے مقابلے (EUR/NZD) میں 0.292 فیصد گراوٹ کا شکار ہو کر 1.6720 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ جس کی بنیادی وجہ آج نیوزی لینڈ کے مرکزی بینک (RBNZ) کی طرف سے غیر روائتی طور پر مہینے کے اختتام پر 75 بنیادی پوائنٹس شرح سود کا اضافہ ہے۔ جس کے بعد کیوی ڈالر جارحانہ موڈ اختیار کر گیا ہے۔ سوئس فرانک کے مقابلے میں یورو (EUR/CHF) 0.102 فیصد کم ہو کر 0.9790 پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ سوئس فرانک کے خلاف امریکی ڈالر (USD/CHF) 0.284 فیصد کمی کے ساتھ 0.9490 پر آ گیا ہے۔ آخر میں ذکر کریں گے امریکی ڈالر کے خلاف برطانوی پاؤنڈ کی جو کہ 0.590 فیصد تیزی کے ساتھ 1.1950 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔