ECB: شرح سود میں 50 بنیادی پوائنٹس اضافہ، SNB کی Credit Suisse کیلئے سپورٹ

ECB نے شرح سود میں 50 بنیادی پوائنٹس اضافہ کر دیا ہے۔ دوسری طرف SNB نے Credit Suisse بینک کیلئے سپورٹ کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق یورپی مرکزی بینک (ECB) کے مرکزی بورڈ نے میٹنگ کے دوران کریڈٹ سوئس کے ممکنہ طور پر دیوالیہ ہونے اور عالمی بینکاری نظام کو درپیش خطرات کا بھرپور جائزہ لیا گیا۔ تاہم دوران اجلاس سوئس نیشنل بینک کی طرف سے ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار بینک کیلئے امدادی پیکیج کے اعلان سے ریلیف ملنے کے بعد کرسٹین لیگارڈ نے مارکیٹ توقعات کے مطابق فیصلہ کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بینکنگ کرائسز کے باوجود یورپی سینٹرل بینک کے کسی عہدیدار نے نرم مانیٹری پالیسی یا 25 بنیادی پوائنٹس کی تجویز نہیں دی۔ تاہم سوئس نیشنل بینک کی خطرات میں گھرے Credit Suisse کیلئے لائف لائن کی تصدیق کا انتظار کیا گیا۔ جس کے بعد واحد آپشن 50 پوائنٹس کی دی گئی تھی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ آج کے فیصلے سے یورپی ٹرمینل ریٹس 3 فیصد سے بڑھ کر 3.5 فیصد ہر پہنچ گئے ہیں۔

فیصلے کا باقاعدہ اعلان یورپی مرکزی بینک کی صدر کرسٹین لیگارڈ نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ جس میں انہوں نے شرح سود میں اضافے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ یورپ کو ریکارڈ افراط زر کا سامنا ہے۔ جو کہ قلیل المدتی بنیادوں پر کنٹرول نہیں ہو سکتی۔ اس لئے سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ ذہنی طور پر پالیسی ریٹس میں اضافے کیلئے تیار ہیں، اس کے باوجود مستقبل میں ان کا تعین معاشی صورتحال اور افراط زر کے مطابق کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ان کے بیان کا یہ حصہ یورو کیلئے کم جارحانہ انداز اپنانے کی بڑی وجہ بھی بنا۔ اپنے قارئین کو بتاتے چلیں کہ کیش ریٹس میں حالیہ اضافے سے Marginal Lending Facility پر شرح سود 3.25 فیصد سے 3.75 پر آ گئے ہیں جبکہ ڈیپازٹس پر منافع کی شرح 2.50 فیصد سے بڑھ کر 3 فیصد سالانہ ہو گئی ہے۔

کرسٹین لیگارڈ نے یورپی معیشت ہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ادارے 2023ء میں 5.3 فیصد انفلیشن کی رپورٹس دے رہے ہیں لیکن 2024ء میں صورتحال مختلف ہو جائے گی۔ اور یہ 2.9 فیصد تک آ جائے گی۔ جس کے بعد مرحلہ وار مانیٹری پالیسی نرم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈائچے بینک سمیٹ کسی بھی یورپی معاشی ادارے کو لیکوئیڈیٹی سپورٹ دینے کیلئے مکمل میکانزم موجود ہے۔ اس لئے یورپی یونین کا بینکاری نظام پہلے کی طرح موثر اور محفوظ ہے۔ گروتھ ریٹ پر بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ECB کے تحقیقاتی ونگ نے 2023ء میں مجموعی شرح نمو 1 فیصد جبکہ 2024ء میں 1.6 فیصد کی پیشگوئی کی ہے۔

مارکیٹ کا ردعمل

شرح سود میں اضافے کے بعد امریکی ڈالر کے مقابلے میں یورو (EURUSD) دوبارہ 1.0600 کے نفسیاتی ہدف سے اوپر بحال ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ تاہم بینکاری نظام کے بارے میں خدشات سے یہ ریلی کم جارحانہ رہی۔ دوسری طرف Credit Suisse بینک کے آپریشنز بحال ہونے کی خبروں سے سوئس فرانک کی قدر میں کسی حد تک بحالی ہوئی اور اسکے مقابلے میں امریکی ڈالر (USDCHF) کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button