چین کی معاشی مدد اور اہم فیصلے، PSX میں تیزی کا رجحان
چین کی معاشی مدد اور حکومت کی طرف سے IMF پروگرام کیلئے اہم فیصلے لئے جانے کے بعد PSX میں تیزی کا رجحان نظر آ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے مقررہ تاریخ سے دو ہفتے قبل 300 بنیادی پوائنٹس شرح سود میں اضافے کا اعلان کر دیا۔ نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان پاکستان کی کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) میں 35 فیصد افراط زر آنے کے ایک روز بعد کیا گیا۔ واضح رہے کہ IMF کی جانب سے نئے مطالبات پورے کرنے کیلئے مقررہ تاریخ سے دو ہفتے قبل پالیسی ریٹس تبدیل ہوئے۔
آئی۔ایم۔ایف پروگرام بحال کروانے کیلئے حالیہ دنوں میں منی بجٹ کی منظوری سمیت تمام ضروری اقدامات گئے۔ ملک کا مالیاتی نظام زرمبادلہ ذخائر تاریخ کی کم ترین سطح پر آنے کے بعد سنگین خطرات سے دوچار ہے۔ ڈیفالٹ کے خطرے سے بچنے کیلئے فوری طور پر بیل آؤٹ پیکیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
چینی کی طرف سے معاشی امداد
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی کمرشل بینکوں کے کنسورشیئم کی طرف سے پاکستان کے لئے 70 کروڑ ڈالرز کی امداد منظور کی گئی ہے۔ یہ امداد دو روز قبل چائنا ڈویلپمنٹ بینک کے 55 کروڑ ڈالرز پر مشتمل قرض کے علاوہ ہے
۔ چینی دفتر خارجہ نے گذشتہ روز دنیا کے طاقتور ممالک اور معاشی اداروں سے پاکستان کی امداد کیلئے اپیل بھی کی گئی تھی۔ ترجمان نے نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ترقی یافتہ ملک کی پالیسیوں اور دوہرے معیار سے پاکستان اور اسکی طرح کمزور معیشت کے حامل ممالک کے مالی نظام بکھرنے کے قریب ہیں۔ انیوں مزید کہا کہ قرض فراہم کرنیوالے تمام ممالک پاکستان کی مدد کیلئے آگے آئیں۔
اسٹاک مارکیٹ کا ردعمل
چین کی طرف سے امداد اور IMF کی شرائط پوری ہونے کے بعد آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ نماز جمعہ کے وقفے سے قبل KSE100 انڈیکس 395 پوائنٹس کے اضافے سے 41 ہزار کی نفسیاتی حد (Psychological resistance) عبور کرتے ہوئے 41066 کی سطح پر آ گیا۔ اسکی کم ترین سطح 40487 اور بلند ترین لیول 41153 ریا۔ دوسری طرف KSE30 بھی 150 پوائنٹس تیزی سے 15463 پر آ گیا۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 15175 سے 15510 کے درمیان ہے۔ شیئر بازار میں کیمیکل اور کمرشل بینکس کے علاوہ ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن سیکٹرز میں سرمایہ کاری کا بہترین رجحان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
آج مارکیٹ میں 291 کمپنیاں ٹریڈ میں حصہ لے رہی ہیں۔ جن میں سے 179 کی اسٹاک ویلیو میں تیزی، 100 میں مندی جبکہ 12 میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔