یورپی اسٹاکس میں Credit Suisse ڈیل کے باوجود تیزی

یورپی اسٹاکس میں Credit Suisse Deal کے باوجود تیزی کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ کیپیٹل مارکیٹس میں 10 مارچ کو سلیکون ویلی بینک ڈیفالٹ کے بعد پہلی بار مثبت رجحان نظر آ رہا ہے۔ گذشتہ روز بحران کے شکار Credit Suisse بینک کی مبینہ طور پر یونین بینک آف سوئٹزرلینڈ کو فروخت کے بعد ایشیائی مارکیٹس (Asian Markets) میں شدید گراوٹ واقع ہوئی۔ تاہم یورپی مارکیٹس (European Markets) میں بینک اسٹاکس اگرچہ شاک ویو میں مبتلا ہیں تاہم مائننگ اسٹاکس میں ہونیوالی خریداری سے مجموعی منظر نامہ مثبت دکھائی دے رہا ہے۔

کریڈٹ سوئس ڈیل آخر ہے کیا ؟

گذشتہ روز ڈیفالٹ کر جانیوالے سوئٹزرلینڈ کے Credit Suisse Bank کی UBS کو فروخت کا معاہدہ 3 ارب سوئس فرانک میں طے پا گیا۔ اس ڈیل میں سوئس نیشنل بینک (SNB) نے سہولت کار کا کردار ادا کیا جبکہ لیکوئیڈیٹی کی گارنٹیز یورپی سنٹرل بینک (ECB), بینک آف جاپان (BOJ), امریکی فیڈرل ریزرو (Fed) اور بینک آف انگلینڈ (BOE) کی طرف سے دی گئیں۔ طویل مذاکرات کے بعد کریڈٹ سوئس ریسکیو کر لیا گیا اور اوپر بیان کئے گئے تمام طاقتور سنٹرل بینکوں نے اسے آپریشنز جاری رکھنے کا گرین سگنل دیا۔

امریکی سیکرٹری خزانہ جینیٹ ییلین اور سربراہ فیڈرل ریزرو جیروم پاول کے مشترکہ بیان میں بین الاقوامی مالیاتی نظام کو بچانے کیلئے اس ڈیل کا خیر مقدم کیا گیا۔ واضح رہے کہ کریڈٹ سوئس بینک دنیا کے بڑے معاشی اداروں میں سے ایک، اور عالمی مالیاتی نظام میں نمایاں حثیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ گذشتہ ہفتے اسکے ڈیفالٹ کرنے کی خبروں سے عالمی اسٹاکس (Global Stocks) میں اسوقت شدید گراوٹ واقع ہوئی تھی جب اسکے سب سے بڑے شیئر ہولڈر سعودی نیشنل بینک نے اپنے شیئرز کی تعداد 10 فیصد تک محدود کرنے اور مزید مالی معاونت فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کے بعد جاپان سے لے کر امریکہ تک بینکنگ اسٹاکس کی شدید فروخت سے اسٹاکس میں کریش ہونے جیسی صورتحال نظر آ رہی تھی۔

یورپی مارکیٹس کا ردعمل

آج صبح سے ایشیائی مارکیٹس میں گراوٹ سے یورپی اور امریکی اسٹاکس میں مندی کی پیشگوئی کی جا رہی تھی۔ تاہم بینکنگ سیکٹر میں ہونیوالی شدید فروخت کے باوجود مائننگ کے سرمایہ کاروں نے مارکیٹس کی بحالی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ Dax30 انڈیکس 103 پوائنٹس کے اضافے سے 14872 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 14458 سے 14922 کے درمیان ہے۔ جبکہ مارکیٹ میں 7 کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین ہو چکا ہے۔ FTSE100 بھی 30 پوائنٹس مثبت سمت میں بڑھتے ہوئے 7368 پر آ گیا ہے۔ مارکیٹ میں 50 کروڑ شیئرز کا تبادلہ ہوا ہے۔

دیگر یورپی اسٹاکس کا جائزہ لیں تو سوئس مارکیٹ انڈیکس (SMI) 24 پوائنٹس کے اضافے سے ملے جلے انداز میں 10637 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 10395 سے 10651 کے درمیان ہے جبکہ سوئس کیپیٹل مارکیٹ 30 کروڑ سے زائد کا شیئر والیوم سمیٹ چکی ہے۔ یورپ کی سب سے بڑی اسٹاک مارکیٹ FTSEMIB میں ریکوری کا مومینٹم بھی دیگر یورپی مارکیٹس سے زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔ انڈیکس 292 پوائنٹس اضافے سے 25815 پر آ گیا ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ اطالوی بینچ مارک 25 سو پوائنٹس کھو چکا تھا۔ آج کی ریلی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کسی حد تک بہتری آنے کا امکان ہے۔

IBEX35 بھی بحالی کی لہر کے ساتھ 60 پوائنٹس اضافے سے 8781 پر آگے بڑھ رہا ہے۔ رواں ہفتے کے دوران ہونیوالے کئی اہم فیصلے جن میں سوئس نیشنل بینک، بینک آف انگلینڈ اور فیڈرل ریزرو شامل ہیں اپنی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرنیوالے ہیں۔ جس کے بعد مارکیٹس واضح سمت اختیار کر سکتی ہیں۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button