PSX میں ملا جلا رجحان، ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال کے اثرات

PSX میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ملک میں جاری سیاسی غیر یقینی صورتحال معاشی اعشاریوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

سیاسی کشیدگی کے PSX پر اثرات

گذشتہ ہفتے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیش آنیوالے واقعات سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی آئی ہے۔ مارکیٹ میں شیئر والیوم انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ تر ٹریڈرز سائیڈ لائن ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے بڑے شہروں میں دفاعی اداروں اور عسکری تنصیبات کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد واقعات میں قومی املاک کو شدید نقصان پہنچا۔

سپریم کورٹ کی کے احکامات پر چیئرمین تحریک انصاف کی رہائی اور عدالتی ریلیف پر حکومت اور فوج کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور سابق حکمران جماعت کے ورکرز کی گرفتاری کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔

سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج

حکمران اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک الائنس کی طرف سے حالیہ دنوں کے دوران کئے جانیوالے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ اس کے بعد دھرنا بھی دیا جائے گا۔ مظاہرے کی قیادت مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں۔ جو چیف جسٹس آف پاکستان سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان حالات میں ریاست کے دو اہم ترین ادارے سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے ہیں جو کہ ریاستی امور کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے میں پاکستانی کیپیٹل مارکیٹ سے 10 ارب روپے کے سرمائے کا انخلاء ہوا ہے اور معاشی ماہرین کے مطابق آنیوالے دنوں میں بھی یہ تسلسل جاری رہ سکتا ہے۔

مارکیٹ کی صورتحال

آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن میں محض 0.04 فیصد بحالی ہوئی ہے۔ KSE100 انڈیکس 17 پوائنٹس تیزی کے ساتھ 41504 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 41310 سے 41526 کے درمیان ہے۔

 

دوسری طرف KSE30 انڈیکس 20 پوائنٹس مندی کے ساتھ 14821 کی سطح پر محدود رینج میں ٹریڈ کر رہا ہے۔ اسکی کم ترین سطح 14733 اور بلند ترین 14844 ہے۔ اس طرح ٹریڈنگ 111 پوائنٹس کے درمیان محدود ہے۔

 

مارکیٹ میں 5 کروڑ 44 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔ جن کی مجموعی مالیت 1 ارب 79 کروڑ روپے ہے۔ یہ اعداد و شمار معمول سے 60 فیصد کمی کو ظاہر کر رہے ہیں۔ آج 282 کمپنیاں ٹریڈ میں حصہ لے رہی ہیں۔ جو کہ مجموعی 70 فیصد بنتے ہیں  جن میں سے 122 کی اسٹاک ویلیو میں تیزی، 130 میں مندی جبکہ 30 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button