PSX میں شدید مندی، سپریم کورٹ کا فیصلہ اور سیاسی عدم استحکام

PSX میں شدید مندی دیکھی گئی۔ جسکی بنیادی وجہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اور ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے دو صوبوں میں الیکشنز ملتوی کئے جانے کے حوالے سے اہم ترین فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے کئے گئے اقدامات غیر آئینی قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو پولنگ کروانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ گذشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال نے صدر مملکت کی مقرر کردہ تاریخ کو بحال کر دیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملک کا آئین و قانون الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار نہیں دیتا اور اس کے اس اقدام سے آئینی بحران پیدا ہوا۔ جس وقت الیکشن ملتوی کئے گئے تب انتخابی عمل پانچویں مرحلے میں تھا۔

فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے 8 اکتوبر کی تاریخ دے کر اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔ عدالت نے پنجاب اسمبلی کا الیکشن شیڈول کچھ ترامیم کے ساتھ بحال کر دیا۔ عدالت عظمی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کیں کہ انتخابی عمل کیلئے درکار فنڈز جاری کئے جائیں اور سیکورٹی پلان ترتیب دیا جائے۔

ماہرین کے مطابق فیصلے کے ملکی سیاست پر انتہائی دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ کیونکہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ سپریم کورٹ کے اپنے ججز نےاس بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا جس پر حکومت اور پارلیمنٹ کو بھی اعتراضات تھے۔ اس طرح ایک بڑا آئینی خلاء پیدا ہو سکتا ہے۔ اس کے سیاسی و معاشی اثرات آنے والے دنوں میں زیادہ شدت سے سامنے آئیں گے۔

اسٹاک مارکیٹ پر اثرات۔

فیصلے کے نتیجے میں حکومت اور ملک کی اعلی ترین عدالت کے درمیان جاری کشمکش بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ جس کے منفی اثرات معاشی اعشاریوں (Financial Indicators) پر مرتب ہوئے ہیں۔ KSE100 میں کاروباری سرگرمیوں کا اختتام 202 پوائنٹس کی کمی سے 39687 کی سطح پر ہوا۔ اسکی کم ترین سطح 39482 اور بلند ترین 39920 رہی۔ دوسری طرف KSE30 بھی 70 پوائنٹس کی مندی سے 14751 پر بند ہوا۔ انڈیکس میں کاروباری سرگرمیاں سست روی کی شکار رہیں اور زیادہ تر سرمایہ کار سائیڈ لائن رہے۔

کیپیٹل مارکیٹ میں 8 کروڑ 32 لاکھ شیئرز کا تبادلہ ہوا۔ جن کی مجموعی قدر 2 ارب 16 کروڑ روپے رہی۔ زیادہ تر خرید و فروخت کم قیمت والے اسٹاکس (Penny Stocks) میں ہوئی۔ شیئر بازار میں 318 کمپنیوں نے ٹریڈ میں حصہ لیا۔ جن میں سے 108 کی اسٹاک ویلیو میں تیزی، 190 میں مندی اور 20 میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button