PSX میں مندی، IMF پروگرام بحال ہوئے بغیر ختم ہونے کا امکان

PSX میں کاروباری دن کا اختتام شدید مندی پر ہوا۔ جس کی بنیادی وجہ IMF پروگرام بحال ہوئے بغیر ختم ہونے کی خبریں ہیں۔ واضح رہے کہ معطل شدہ پروگرام کی مدت 30 جون کو ختم ہو رہی ہے۔

IMF پروگرام کے سلسلے میں غیر یقینی صورتحال

2019ء میں شروع ہونیوالے اس پروگرام کی میعاد 3 سال تھی۔ اس اعتبار سے اسے دسمبر 2022ء کو ختم ہونا تھا۔ تاہم عالمی ادارہ کسی بھی ملک کے ساتھ اپنا پروگرام مالی سال کے درمیان ختم نہیں کرتا۔

پاکستانی حکام کی کوششوں کے باوجود نویں جائزے کی تکمیل پر عالمی ادارے کو قائل نہیں کر سکا اور اب مالی سال ختم ہونے میں محض 1 ماہ رہ گیا ہے۔ اس طرح 1998 کے ایٹمی دھماکوں کے بعد بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ختم کئے جانیوالے معاہدے کے بعد گذشتہ 25 سال میں مکمل نہ ہونیوالا یہ پہلا معاہدہ ہو گا۔

نمائندہ IMF کا بیان اور پاکستانی حکام کا ردعمل

گذشتہ دو روز میں فریقین کے درمیان رابطوں میں تیزی دیکھی گئی۔ تاہم پاکستان کیلئے عالمی فنڈ کے نمائندے نیتھن پورٹر کے بیان سے بظاہر یہ معاملہ کھٹائی میں پڑتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ انہوں نے گذشتہ روز اپنے بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان اور انکی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف قائم کئے جانیوالے مقدمات اور گرفتاریوں کے بارے میں اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ IMF پاکستان کی سیاست پر نظر رکھے ہوئے ہے اور معاملات کا پرامن حل چاہتا ہے۔ پاکستانی حکومت اسے اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دے رہے ہیں۔

ان کے بیان ہر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ نیتھن پورٹر سمیت کسی کو بھی پاکستان کے سیاسی معاملات پر بیانات دینے کی ضرورت نہیں ہے اور اگر عالمی فنڈ نے پروگرام بحال نہ کیا تو پاکستان متبادل آپشنز پر بھی غور کر رہا ہے۔

PSX کی صورتحال 

نمائندہ IMF کے بیان پر آنیوالے بیانات سے معاشی امداد کا پروگرام بحال ہونے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔ جس کے منفی اثرات پاکستان کے معاشی اعشاریوں (Financial Indicators) پر مرتب ہوئے ہیں۔ آج KSE100 میں کاروباری دن کا اختتام 341 پوائنٹس کی کمی سے 41330 کی سطح پر ہوا۔ اسکی کم ترین سطح 41265 رہی۔

 

PSX

دوسری طرف KSE30 میں بھی 137 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔ جس کے بعد انڈیکس 14680 کی سطح پر بند ہوا۔ انڈیکس کی ٹریڈنگ رینج 14658 سے 14894 کے درمیان رہی.

KSE30 ON IMF

آج کیپیٹل مارکیٹ میں 15 کروڑ 81 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔ جن کی مجموعی مالیت 6ارب 11 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button