PSX میں کاروباری دن کا تیزی پر اختتام۔ IMF کو فائنانسنگ رپورٹ جمع کروا دی گئی

PSX میں کاروباری دن کا اختتام تیزی کے رجحان پر ہوا ہے۔ حکومت پاکستان نے 3 ارب ڈالرز کی اضافی فائنانسنگ کیلئے رپورٹ IMF میں جمع کروا دی ہے۔ جس کے بعد پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

PSX اور ایڈیشنل فائنانسنگ پلان

آج پاکستانی حکومت کی طرف سے ایڈیشنل فائنانسنگ پلان عالمی مالیاتی فنڈ میں جمع کروا دیا گیا۔ جس کے مطابق ذرائع کے مطابق رائز ٹو پروگرام سے 45 کروڑ، AIIB اور کمرشل بینکوں سے 1 ارب ڈالر قرض حاصل ہو گا۔ جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر IMF کے ساتھ معاہدہ ہو جائے تو مزید فائنانسنگ کا انتظام بھی ہو جائے گا۔ کئی

بین الاقوامی ادارے اور خلیجی دوست ممالک اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ رپورٹ میں قطر اور بحرین کے ساتھ براہ راست سرمایہ کاری کے معاہدوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس کے مطابق دونوں ممالک پاکستان اسٹاک ایکسچینج، شمسی توانائی اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں میں 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔ تاہم وہ پاکستان کے موجودہ معاشی بحران کی وجہ سے عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کی بحالی کا انتظار کر رہے ہیں۔

جمع کروائی گئی رپورٹ میں عالمی ڈونرز کانفرنس سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ملنے والی امداد اور وعدوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ متحدہ عرب امارات 1 ارب امداد کے علاوہ 2 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کیلئے عالمی ادارے کے گرین سگنل کا انتظار کر رہا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ردعمل

رپورٹ جمع کروائے جانے کے بعد عالمی ادارے کے پروگرام بحالی کی توقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ KSE100 انڈیکس 201 پوائنٹس کے اضافے سے 40448 پر آ گیا۔ اسکی کم ترین سطح 40221 اور بلند ترین 40484 رہی۔

دوسری طرف KSE30 بھی 88 پوائنٹس اوپر 15 ہزار کی نفسیاتی سطح عبور کرتے ہوئے 15080 پر بند ہوا۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 14985 سے 15101 کے درمیان رہی۔

 

آج پاکستانی کیپیٹل مارکیٹ میں 6 کروڑ 75 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔ جن کی مجموعی مالیت 2 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ آج کا والیوم لیڈر 35 لاکھ  شیئرز کے ساتھ کے۔الیکٹرک رہا۔ جبکہ 33 لاکھ کے ساتھ ورلڈ کال ٹیلی کام (WTL) دوسرے اور 27 لاکھ کا شیئر والیوم سمیٹ کر ہیزکول پیٹرولیئم (HASCOL) تیسرے نمبر پر رہا۔ آج شیئر بازار میں 330 کمپنیوں نے ٹریڈ میں حصہ لیا۔ جن میں سے 163 کی قدر میں تیزی، 145 میں مندی جبکہ 22 کی اسٹاک ویلیو میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button