PSX میں مثبت رجحان۔ بیرونی فائنانسنگ اور IMF پروگرام

PSX میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ جسکی بنیادی وجوہات بیرونی فائنانسنگ کی یقین دہانیوں اور IMF پروگرام بحال ہونے کی توقعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کی بحالی میں آخری رکاوٹ بھی دور کر لی گئی ہے۔ سب سے بڑا ڈیڈ لاک قرض پروگرام کی مکمل فائنانسنگ کا تھا جسے خلیجی ممالک اور چین کے تعاون سے حل کیا گیا۔

دوست ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے قرضے ری۔شیڈول کرنے کی یقین دہانیاں کروانے کے علاوہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) اور شمسی توانائی کے منصوبوں میں اربوں ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ قطر بھی ان شعبوں کے علاوہ آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن سیکٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کر چکا ہے۔ دوسری طرف چین نے پہلے ہی 80 کروڑ ڈالرز جاری کر دیئے تھے جبکہ 50 کروڑ ڈالرز آئندہ ماہ ٹرانسفر کئے جائیں گے۔ اس طرح جون 2023ء تک مکمل فائنانسنگ کا انتظام کر لیا گیا ہے۔

ورچوول مذاکرات کا حتمی دور

آج عالمی مالیاتی ادارے (IMF) اور پاکستانی حکام کے درمیان ورچوول مذاکرات کا آخری دور ہو رہا ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صرف بیرونی فائنانسنگ اور پروسیجرل معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے 1 ارب ڈالر قرض کی قسط کیلئے آئی۔ایم۔ایف کی تمام شرائط پوری کر لی ہیں اور عالمی ادارے نے بھی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ گذشتہ روز IMF کے نمائندہ وفد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بات چیت کا سیشن مکمل کیا تھا۔ معاشی ماہرین آئندہ ہفتے اسٹاف لیول معاہدے کی پیشگوئی کر رہے ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ردعمل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں IMF پروگرام کی بحالی کی خبریں سامنے آنے پر مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ دن کے آغاز پر اتار چڑھاؤ کے بعد وسطی سیشن تک متاثر کن شیئر والیوم نظر آ رہا ہے۔ KSE100 انڈیکس 142پوائنٹس تیزی کے ساتھ 41501 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 41308 سے 41648 کے درمیان ہے۔ دوسری طرف KSE30 بھی 41 پوائنٹس اضافے سے 15631 پر آ گیا ہے۔آج کیپیٹل مارکیٹ میں 9 کروڑ 34 لاکھ شیئرز کا لین دین ہو چکا ہے۔ جن کی مجموعی مالیت 3 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

سرمایہ کاروں کی طرف سے آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور سیمنٹ سیکٹرز میں بھرپور خریداری کی جا رہی ہے۔ شیئر بازار میں 289 کمپنیاں ٹریڈ میں حصہ لے رہی ہیں۔ جن میں سے 183 کی قدر میں تیزی، 89 میں مندی جبکہ 17 میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button