ایشیائی اسٹاکس میں شدید مندی: عالمی بینکنگ بحران

ایشیائی اسٹاکس میں شدید مندی کا رجحان آج بھی جاری ہے۔ جسکی بنیادی وجہ عالمی بینکنگ بحران ہے۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا سے شروع ہونیوالا کرائسز یورپ پہنچ گیا ہے۔ گذشتہ روز Credit Suisse نے اعلان کیا کہ فنڈز کے بڑے پیمانے پر انخلاء کے باعث وہ سرمایہ کاروں کی رقوم مکمل طور پر واپس کرنے کے قابل نہیں ہے۔ جس کے بعد سوئس معاشی ادارے کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر سعودی نیشنل بینک نے Credit Suisse کی مزید سپورٹ سے معذرت کر لی۔

ملٹی نیشنل بینکوں کے دیوالیہ ہونے کا سلسلہ رواں ماہ کے آغاز میں کرپٹو فرینڈلی سلور گیٹ اور سگنیچر بینک سے ہوا جس کے محض تین روز بعد کیلیفورنیا سے ہی تعلق رکھنے والے سلیکون ویلی بینک (SVB) نے آپریشنز جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے فنڈز کا اجراء معطل کر دیا۔ جس کے بعد عالمی بینکنگ اسٹاکس میں شدید فروخت شروع ہو گئی اور شیئرز ویلیو 25 سے 30 فیصد تک مندی کے شکار ہوئے۔

واضح رہے کہ سلیکون ویلی دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کمپنیز اور اسٹارٹ اپس کو فنڈنگ فراہم کرنے کے حوالے سے اپنی پہچان رکھتا ہے۔ دنیا بھر سے سرمایہ کار تھرڈ پارٹی اکاؤنٹس کے ذریعے اپنے پراجیکٹس SVB سے فائنانس کرواتے ہیں۔ بینک انتظامیہ کی طرف سے سرمایہ منجمند کئے جانے کے بعد امریکی فیڈرل ڈیپازٹس انشورنس کمپنی نے مداخلت کرتے ہوئے سلیکون ویلی کے تمام صارفین کو فنڈز جاری رہنے کی یقین دہانی کروائی۔

اسکے باوجود عالمی افراط زر (Global Inflation) میں کساد بازاری (Recession) کے خوف میں مبتلا سرمایہ کاروں نے بینکنگ سیکٹر سے متعلقہ تمام اثاثے تحلیل کرنا شروع کر دیئے۔ جس سے جاپان کے ٹوپیکس اور جرمن ڈائچے بینک بھی سنگین مالیاتی بحران کی زد میں آ گئے۔ کریڈٹ سوئس بینک نے اگرچہ اپنے آپریشنز ابھی معطل نہیں کیے اور سوئس حکام بینک انتظامیہ کے ساتھ مل کر صورت حال کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلنے والی افواہیں اسٹاکس رسک فیکٹر میں اضافہ کر رہی ہیں۔

ایشیائی اسٹاکس میں گراوٹ کا پانچواں دن۔

ایشیائی مارکیٹس میں کاروباری سرگرمیوں کے آغاز سے ہی بینکنگ اسٹاکس فروخت کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ کریش ہونے کے خطرے کو بھانپتے ہوئے Nikkei225 میں دو بار ٹریڈ معطل کی گئی جبکہ Hang Seng میں بھی یہی صورتحال رہی۔ حکومتی معاشی ادارے ایکوئیٹیز کی خریداری کے ذریعے اسٹاک ویلیو کو سنبھالنے کی کوشش کرتے رہے۔

اسوقت Nikkei225 انڈیکس 218 پوائنٹس کی کمی سے 27016 کی سطح پر آ گیا ہے۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 26632 سے 27057 کے درمیان ہے جبکہ Hang Seng انڈیکس 385 پوائنٹس نیچے 19147 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ اسکی کم ترین سطح 19109 رہی۔ Shanghai Composite میں ملا جلا رجحان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ انڈیکس 37 پوائنٹس مندی سے 3225 پر اتار چڑھاؤ کا شکار ہے۔ تاہم اپنے حجم کے اعتبار سے چینی بینچ مارک میں 0.66. فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ادھر TSEC50 بھی 166 پوائنٹس گراوٹ کے ساتھ 15221 پر پہنچ گیا ہے۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button