پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں دن کا مثبت آغاز
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری دن کا آغاز انتہائی مثبت انداز میں ہوا ہے جسکی بنیادی وجہ گذشتہ روز جینیوا میں عالمی ڈونرز کانفرنس میں عالمی اداروں اور رکن ممالک کی طرف سے پاکستان کے لئے 10 ارب ڈالرز سے زائد کی معاشی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس سے ملک کے دیوالیہ ہونے کی افواہیں دم توڑ جائیں گی۔ اس امداد میں برادر اسلامی ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر نے پاکستان کی درخواست سے 2.5 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اسکے علاوہ آج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں 10 ارب ڈالرز کی براہ راست اور فوری سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اسکے علاوہ انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں اپنے ڈیپازٹس 5 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا بھی اعلان کیا ہے تا کہ پاکستانی معیشت کو سنبھالا جا سکے۔ سعودی شاہی خاندان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ برادر اسلامی ملک پاکستان کی امداد انکی درخواست سے بڑھ کر کی جا رہی ہے تا کہ اسکی گرتی ہوئی معیشت کو سپورٹ کیا جائے اور یہ ولی عہد محمد بن سلمان کے خصوصی احکامات کے تحت کیا جا رہا ہے۔
آج جاری ہونیوالے بیانات کے پاکستان کے معاشی اعشاریوں پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ KSE100 انڈیکس 239 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 40744 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ آغاز میں انڈیکس 40986 کی سطح تک پہنچ گیا تھا۔ دوسری طرف KSE30 انڈیکس 51 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 15063 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ آج اسکی بلند ترین سطح کاروباری سرگرمیوں کے آغاز میں 15225 رہی ہے۔ آج مارکیٹ میں 241 کمپنیاں ٹریڈ میں حصہ لے رہی ہیں۔ جن میں سے 178 کی قدر میں تیزی، 52 میں کمی جبکہ 11 کی قدر میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔