جینیسس گلوبل کا مالیاتی بحران۔ ممکنہ طور پر دیوالیہ ہونے کا خدشہ

ایف۔ٹی۔ایکس کی فروخت، ہیکنگ اور دیوالیہ قرار دیئے جانے کے بعد کرپٹو مارکیٹ ابھی تک مسلسل شاک ویوز سے گذر رہی ہے۔ گذشتہ روز کرپٹو پلیٹ فارم Genisis Global نے اپنے صارفین اور سرمایہ کاروں کے اثاثوں کو منجمند کرنے اور رقوم کے انخلاء کی سہولت واپس لینے کے بعد اپنے مالیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے سنگاپور کے مرکزی بینک سے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔ جس کے بعد کرپٹو سرمایہ کار اس کی مالیاتی حثیت کے بارے میں شکوک و شبہات کے شکار ہو گئے ہیں اور اس طرح FTX کے دیوالیہ ہونے کے دو ہفتوں کے دوران ہی جینیسس گروپ کے ممکنہ طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔کرپٹو مارکیٹ میں گراوٹ کی ایک اور لہر دیکھنے میں آئی ہے اور اس بار اس کا براہ راست نشانہ دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن ہے۔

جینسس گلوبل کے مرکزی گروپ ڈیجیٹل کرنسی گروپ (DCG) کی ایک شاخ Grayscale Investments گرے اسکیل بٹ کوائن ٹرسٹ (GBTC) کی انتظامی کمپنی بھی ہے جو کہ بٹ کوائن (BTC) کے سب سے بڑے فنڈ کی مالک یے۔ جبکہ DCG کے مالیاتی بحران بٹ کوائن کو ممکنہ طور پر اپنی زد میں لے سکتا ہے۔ اس نئے پینڈورا باکس کے کھلنے کے بعد بٹ کوائن گذشتہ دو سال کی کم ترین سطح پر آ گیا ہے۔ 16 ہزار کی نفسیاتی سپورٹ کو توڑنے کے بعد بٹ کوائن آج 15800 ڈالرز کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ آج کرپٹو مارکیٹ سے 17 ارب ڈالر کے سرمائے کا انخلاء ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل معیشت کے ماہرین کے خیال میں اس بحران سے بٹ کوائن 10 ہزار ڈالر کی سطح تک گر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ گذشٹہ دو ہفتوں کے دوران بٹ کوائن کی قدر میں 6 ہزار ڈالرز کی کمی واقع ہوئی ہے۔

معروف معاشی جریدے Wall Street Journal نے اس صورتحال کے بارے میں اپنے مضمون میں تبصرہ کیا ہے کہ جینسس Binance اور Apollo Global Management سے سرمایہ کاری اور فنڈز اکھٹے کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم FTX کے دیوالیہ ہونے اور ہیک ہونے کے نتیجے میں 6 سو ملیئن ڈالرز سے زائد کی ہیکنگ کے بعد کرپٹو کے سرمایہ کاری پلیٹ فارم کسی نئے ایڈوینچر کے لئے قطعی طور پر تیار نہیں ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ FTX کے دیوالیہ ہونے کا عمل بھی اس کے بائنانس کے ساتھ ایکسچینج کی فروخت کے معایدے سے شروع ہوا تھا۔ معاہدے کے بعد جب بائنانس کی انتظامیہ نے ایف۔ٹی۔ایکس کی Financial Statements کا جائزہ لیا تا دو گھنٹوں کے دوران ہی کرپٹو پلیٹ فارم کی مالی حثیت کو دیوالیہ ہونے کے مترادف قرار دیا تھا جس سے اگلے ہی روز FTX انتظامیہ نے خود کو دیوالیہ قرار دیئے جانے کے لئے امریکی عدالت میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اسی دن FTX اور دیگر کرپٹو نیٹ ورکس کو ہیک کر لیا گیا تھا جس کے نتیجے میں کرپٹو والٹس سے 6 سو ملیئن ڈالرز سے زائد کے فنڈز مبینہ طور پر چوری کر لئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ صارفین کی طرف سے 30 بلیئن ڈالرز کے سرمائے کا انخلاء دیکھنے میں آیا تھا۔ دوسری طرف Genisis Group کے ترجمان نے گروپ کے دیوالیہ قرار دیئے جانے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ FTX گیٹ اسکینڈل کے بعد سبھی کرپٹو پلیٹ فارمز ایک بحرانی کیفیت سے گزر رہے ہیں اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مالی اداروں سے بیل آؤٹ پیکجز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اسکا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ جینیسس یا ڈیجیٹل کرنسی گروپ جس کی ایک ذیلی کمپنی کوئن ڈیسک بھی ہے دیوالیہ قرار دیئے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ایسی صورتحال پیدا ہوتی رہی ہے۔ اور اس سے جینیسس گروپ بخوبی گزرتا رہا ہے۔ اب بھی مالیاتی مسائل کو حل کر لیا جائے گا۔

اس وضاحت کے باوجود بائنانس کی طرف سے جینیسس گروپ کو فنڈز جاری کرنے یا اس میں سرمایہ کاری سے انکار کے بعد کرپٹو مارکیٹ کے ایک اور بڑے اسکینڈل کی پیشگوئی کی جا رہی ہے کیونکہ جینیسس کے سرمایہ کاروں اور صارفین کی طرف سے فنڈز کی معطلی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ اور کسی قسم کی معاشی امداد نہ ملنے کی صورت میں یہ کرپٹو پلیٹ فارم عدالتی عمل کے دوران دیوالیہ قرار دیا جا سکتا ہے۔جس سے بٹ کوائن بھی شدید مالی بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔ اگر جینیسس گروپ دیوالیہ ہوا تو رواں سال کے دوران Celsius اور FTX کے بعد یہ تیسرا اور کرپٹو کی تاریخ کا سب سے بڑا جھٹکا ہو گا جس سے شائد ایک لمبے عرصےتک مارکیٹ نہ سنبھل سکے۔ یا شائد کبھی بھی نہیں۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button