PSX میں کاروباری دن کا تیزی پر اختتام ، پاکستانی روپے کی قدر مستحکم۔
حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج ، KSE100 انڈیکس 47700 سے اوپر بند ہوا۔
PSX میں کاروباری دن کا اختتام تیزی کے رجحان پر ہوا۔ جس کی بنیادی وجہ پاکستانی روپے کی قدر میں تئیسویں کاروباری سیشن کے دوران بہتری کا تسلسل ہے۔
پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری کے PSX پر اثرات۔
پاکستانی روپے کی قدر میں تیزی کا تسلسل آج بھی جاری رہا۔ اس طرح 30 اگست کے بعد سے بلیک مارکیٹ مافیا کے خلاف حکومت اور ریاستی اداروں کی طرف سے جاری آپریشن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 337 اور انٹر بینک میں 310 روپے پر آ جانے کے بعد حوالہ ہنڈی اور بلیک مارکیٹ مافیا کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا۔ جس کے بعد پاکستانی روپے کی طلب (Demand) میں اضافہ ہونا شروع ہوا۔ ملکی کرنسی کی قدر مضبوط ہونے سے کیپٹیل مارکیٹ پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کے معاشی اعشاریے (Financial Indicators) مثبت منظرنامہ پیش کر رہے ہیں۔ اس دوران مارکیٹ کیپٹیلائزیشن میں بھی نمایاں بہتری آئ ہے .
ترسیلات زر میں اضافہ۔
حوالہ ہنڈی اور ڈالر کی اسمگلنگ بند ہونے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھیجے جانیوالی ترسیلات زر (Foreign Remittances) میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ستمبر 2023ء میں ترسیلات زر 40 کروڑ ڈالرز کے قریب رہیں جبکہ اگست 2023ء کے دوران یہ محض 18 کروڑ ڈالرز تھیں۔ اس طرح غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر بھی مستحکم ہوئے ہیں ۔ جن کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
مارکیٹ کی صورتحال۔
آج KSE100 انڈیکس 228 پوائنٹس کی تیزی سے 47721 پر بند ہوا۔ واضح رہے کہ اختتام ہفتہ پر بینچ مارک 47493 تھا۔ آج اسکی بلند ترین سطح 47775 رہی۔
دوسری طرف KSE30 میں بھی معاشی سرگرمیاں 129 پوائنٹس اوپر 16503 پر بند ہوئیں۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 16260 سے 16514 کے درمیان رہی۔
آج کیپٹیل مارکیٹ میں 23 کروڑ 36 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔ جن کا مجموعی حجم 7 ارب 7 کروڑ روپے رہا۔ آج کا والیوم لیڈر 3 کروڑ 85 لاکھ شیئرز کے ساتھ کراچی الیکٹرک (KEL) رہا۔ جبکہ 2 کروڑ 52 لاکھ شیئرز سمیٹ کر ورلڈ کال ٹیلی کام لیمیٹڈ (WTL) دوسرے اور 1 کروڑ 23 لاکھ کے ساتھ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIAA) تیسرے نمبر پر رہی۔
ان کے علاوہ پاک الیکٹرون (PAEL) , ٹیلی کارڈ لیمیٹڈ (TELE) , دا آرگینک میٹ کمپنی لیمیٹڈ (TOMCL) , پاکستان پیٹرولیئم لیمیٹڈ (PPL) بھی متاثر کن شیئر والیوم حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
شیئر بازار میں 332 کمپنیوں نے ٹریڈ میں حصہ لیا۔ جن میں سے 150 کی اسٹاک ویلیو میں تیزی ، 166 میں مندی جبکہ 16 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
دستبرداری
انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔