پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، IMF کی مزید شرائط

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری دن کا اختتام شدید مندی پر ہوا۔ جس کی بنیادی وجہ IMF کی نئی شرائط ہیں۔ دن کے آغاز پر ملے جلے رجحان کے ساتھ ٹریڈ کرتی PSX اختتامی سیشن میں گراوٹ کی شکار ہوئی. جب عالمی مالیاتی ادارے کی پاکستان کیلئے ریزیڈنٹ نمائندہ ایسٹر پیریز روئز کا نئی شرائط کے حوالے سے بیان سامنے آیا جس کے بعد کیپیٹل مارکیٹ میں شدید فروخت شروع ہو گئی۔

ایسٹر پیریز روئز نے کیا کہا ؟

عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کی پاکستان کیلئے ریزیڈنٹ نمائندہ ایسٹر پیریز روئز نے امریکی معاشی نشریاتی ادارے بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک پاکستانی اقدامات اطمینان بخش ہیں تاہم متوسط اور غریب طبقے کو پیٹرول پر سبسڈی دیتے ہوئے عالمی فنڈ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ جس سے معاہدے میں تاخیر کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی مانیٹری پالیسی میں اضافے اور بیرونی فنڈنگ کی تحریری ضمانت سمیت کئی معاملات پر ڈیڈ لاک موجود ہے جسکی وجہ معاہدے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی جا سکتی۔

ایسٹر پیریز روئز نے کہا کہ فنڈ کا عملہ اسکیم کے آپریشنز، لاگت، معاشی اہداف کے تعین اور منی لانڈرنگ جیسے کئی اقدامات پر قانون سازی کا خواہاں ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ان معاملات پر محض وعدے کافی نہیں ہیں بلکہ عمل درآمد بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ پاکستانی حکومت نے قانون سازی نہیں کی۔ لیکن مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

ریذیڈنٹ نمائندہ نے تسلیم کیا کہ مانیٹری فنڈ کی شرائط پوری کرنے کے لئے پاکستان نے امریکی ڈالر کو فری ہینڈ دیا۔ جس سے اسکی کرنسی گراوٹ کی شکار ہوئی۔ تاہم انہوں نے مفصل انداز میں کہا کہ ڈیفالٹ سے بچنے اور معیشت کو بحران سے نکالنے کیلئے کئی عملی اقدامات ابھی محض وعدوں تک محدود ہیں۔

اسٹاک مارکیٹ کا ردعمل

ایسٹر پیریز کا بیان سامنے آنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی۔ KSE100 میں دن کا اختتام 501 پوائنٹس کی کمی سے 40376 پر ہوا۔ اسکی ٹریڈنگ رینج 40352 سے 40996 کے درمیان رہی۔ دوسری طرف KSE30 میں بھی شدید مندی دیکھی گئی۔ دن کے اختتام پر انڈیکس 172 پوائنٹس گراوٹ سے 15 ہزار کی نفسیاتی سطح (Psychological Level) بریک کرتے ہوئے 14915 پر آ گیا۔

مارکیٹ میں 14 کروڑ 84 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔ جن کی مجموعی مالیت 3 ارب 91 کروڑ روپے کے قریب رہی۔ جبکہ 337 کمپنیوں نے ٹریڈ میں حصہ لیا۔ جن میں سے 75 کی اسٹاک ویلیو میں تیزی، 234 میں مندی اور 28 میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق معاشی اور سیاسی استحکام تک شیئر بازار کا اتار چڑھاؤ جاری رہے گا۔

دستبرداری

انتباہ۔۔۔۔ اردو مارکیٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب آراء اور مشورے، چاہے وہ آرٹیکل ہوں یا پھر تجزیئے ، انفرادی مصنفین کے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Urdu Markets کی نمائندگی کریں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button